میسی کی تاریخی ہیٹ ٹرک، ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام

ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، جس کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 16 ہو گئی۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ جرمنی کے لیجنڈری اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست آ گئے ہیں۔

یہ میچ ایک منفرد تاریخی اتفاق بھی ثابت ہوا، کیونکہ اسی تاریخ کو 20 سال قبل میسی نے سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف اپنے ورلڈ کپ کیریئر کا آغاز کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں گول اسکور کیا تھا۔

اس ہیٹ ٹرک کے بعد میسی دنیا کے صرف دوسرے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کے پانچ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

میچ کے دوران اگرچہ شائقین میسی کی شاندار کارکردگی اور ارجنٹائن کی فتح کا جشن منا رہے تھے، تاہم پہلے گول کے بعد میسی کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 38 سالہ میسی نے بتایا کہ ان کے جذبات کا تعلق فٹبال سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی میں پیش آنے والے ایک مشکل مرحلے سے تھا۔

انہوں نے کہا، "ان آنسوؤں کا فٹبال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ میں گزشتہ چند دنوں سے اپنی ذاتی زندگی میں ایک مشکل اور پیچیدہ دور سے گزر رہا تھا۔"

اگرچہ میسی نے اس مشکل کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے اس دوران بھرپور ساتھ دینے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ارجنٹائن کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے ٹورنامنٹ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ الجزائر کے خلاف میچ میں میسی نے اپنے انٹر میامی کے ساتھی روڈریگو ڈی پال کے پاس پر پہلا گول اسکور کیا، پھر دوسرے ہاف میں دوسرا اور آخری لمحات میں تیسرا گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

میچ کے دوران میسی مکمل طور پر فٹ دکھائی دیے اور ہیمسٹرنگ انجری کے کوئی واضح اثرات نظر نہیں آئے۔

ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے میسی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا، "میرے پاس لیو (میسی) کی تعریف کے لیے الفاظ نہیں۔ وہ واقعی غیر معمولی کھلاڑی ہیں۔"

میسی کی اس یادگار کارکردگی نے نہ صرف ارجنٹائن کو ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز دلایا بلکہ انہیں عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک اور بڑے ریکارڈ کے قریب بھی پہنچا دیا۔ اب شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا میسی ٹورنامنٹ کے آئندہ میچوں میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے واحد کھلاڑی بن پاتے ہیں یا نہیں۔