ڈیرہ اسماعیل خان میں سرویکل کینسر (بچہ دانی کے منہ کے کینسر) سے بچاؤ کے لیے 12 روزہ حفاظتی ویکسینیشن مہم 11 نومبر سے شروع ہو کر 24 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں 9 سے 15 سال سے کم عمر کی تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار بچیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کی تیاریوں، انتظامی امور اور عوامی آگاہی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور والدین تک ویکسین کی اہمیت سے متعلق درست معلومات پہنچائی جائیں۔ اس مقصد کے لیے علمائے کرام، ڈاکٹرز، اساتذہ، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور سماجی شخصیات کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے HPV ویکسین ایک مؤثر حفاظتی اقدام ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے مستند معلومات حاصل کریں اور اپنی اہل بچیوں کو ویکسین لگوانے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ والدین کے تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنا کر ہزاروں بچیوں کو مستقبل میں سرویکل کینسر کے خطرے سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے