عالمی ہفتہ برائے آگاہیِ ماں کا دودھ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال وانا میں یونیسیف کے تعاون سے آئی این پی خیبرپختونخوا (INP KP) کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان داوڑ، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر عرفان وزیر، ڈی ایم ایس ڈاکٹر نواز خان، نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر زین العابدین وزیر، ڈسٹرکٹ نیوٹریشن منیجر وارث خان وزیر، محکمہ صحت کے افسران، علماء کرام، سماجی شخصیات، طبی عملے اور شہریوں نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود کے لیے مکمل اور بہترین غذا ہے، جو اس کی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیدائش کے پہلے آدھے گھنٹے کے اندر دودھ پلانے کا آغاز کیا جائے اور ابتدائی چھ ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ دیا جائے، اس دوران پانی بھی نہ پلایا جائے۔ بعد ازاں دو سال یا اس سے زائد عرصے تک مناسب اضافی غذا کے ساتھ دودھ پلانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عدنان داوڑ نے کہا کہ محکمہ صحت ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہا ہے اور عوامی آگاہی کے لیے سیمینارز، واکس اور مشاورتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے والدین، علماء، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ بچوں میں غذائی قلت اور بیماریوں کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ماں کے دودھ کے فروغ اور ماں و بچے کی بہتر صحت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ آگاہی واک بھی منعقد کی گئی
