پشاور      پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبرپختونخوا کے درمیان صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، بروقت پیشگی وارننگ کے نظام اور مربوط انسانی امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت دریائی سیلاب سے قبل پیشگی اقدامات کے منصوبے پر مشترکہ طور پر عمل کیا جائے گا، تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں اور انسانی جانوں و املاک کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

اس شراکت داری کے تحت سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جہاں مقامی آبادی کو بروقت آگاہی، پیشگی تیاری، محفوظ مقامات پر منتقلی اور ہنگامی امداد کی فراہمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس تعاون سے صوبے میں قدرتی آفات کے دوران اداروں کے درمیان بہتر رابطہ، فوری ردعمل اور متاثرہ افراد تک بروقت انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ حساس علاقوں میں آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔