کرک: ضلع کرک میں مبینہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف ترکی خیل کے عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے باعث علاقے کے قیمتی زیتون کے باغات تباہ ہو رہے ہیں، جس سے نہ صرف ماحول بلکہ مقامی معیشت بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

احتجاج میں شریک افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں بڑی تعداد میں غیر مقامی افراد کی آمد سے امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو رہی ہے، جبکہ گولڈ مائننگ کے تنازعات مختلف اقوام کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ خونریزی کا سبب بن سکتے ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر غیر قانونی گولڈ مائننگ کا سلسلہ نہ روکا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی