پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صوبائی وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی، جمہوریت کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے پارٹی نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں بھی انصاف کے حصول کے لیے پرامن مارچ کیا گیا، تاہم 26 نومبر کو ڈی چوک نہ پہنچنے کے باوجود نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی، عدالت میں پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کی، جس کی پہلی سماعت جنوری 2025 میں ہوئی، مگر متعدد جج تبدیل ہونے کے بعد کیس کو خارج کر دیا گیا، جو انصاف کا قتل ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں کسی بھی فورم سے انصاف نہیں ملا، صرف اتنی درخواست تھی کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کر کے مقدمہ درج کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پرائیویٹ کمپلینٹ مسترد کیے جانے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت مضبوط ہو اور انصاف کے دروازے بند نہ کیے جائیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ، پارٹی چیئرمین، جنرل سیکریٹری اور دیگر مرکزی و صوبائی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 اگست کو عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کارکن شرکت کریں گے، جبکہ پارٹی قیادت آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کرے گی۔ شفیع جان کے مطابق 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کی تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا اور اسی روز پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔