گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن (KPPSC) کے علاقائی دفاتر ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت KPPSC کا واحد مرکزی دفتر پشاور میں ہونے کے باعث جنوبی، شمالی اور دیگر دور دراز اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو امتحانات، انٹرویوز اور دیگر مراحل میں شرکت کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار طویل سفر نہ صرف امیدواروں پر اضافی مالی بوجھ ڈالتا ہے بلکہ خواتین امیدواروں کو بھی خصوصی مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں علاقائی دفاتر کے قیام سے لاکھوں امیدواروں کو ان کے اپنے علاقوں کے قریب سہولیات میسر آئیں گی۔
گورنر نے تجویز دی کہ علاقائی دفاتر مرحلہ وار موجودہ سرکاری انفراسٹرکچر کو بروئے کار لاتے ہوئے قائم کیے جا سکتے ہیں، جس سے اخراجات میں بھی کمی آئے گی اور انتظامی امور بھی مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں گے۔
