جنوبی وزیرستان اپر: ضلعی انتظامیہ نے امن و امان اور عوامی تحفظ کے پیشِ نظر دفعہ 144 کے تحت پہلے سے عائد پابندیوں میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔ پابندیوں کا اطلاق 29 اگست 2026 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹس اور پولیس اسٹیشنز کے قریب گاڑیوں کو کم از کم 200 میٹر کے فاصلے پر روکنا اور پارک کرنا ہوگا، جبکہ اہلکاروں کی اجازت کے بغیر کسی گاڑی کو چیک پوسٹ کی جانب جانے یا اسے عبور کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکیورٹی فورسز کے قافلوں کی آمدورفت کے دوران تمام روڈ صارفین کو راستہ خالی کرکے گاڑیاں سڑک کے انتہائی بائیں جانب محفوظ مقام پر روکنا ہوگا اور قافلے کے گزرنے یا سیکیورٹی اہلکاروں کی اجازت تک وہیں رکنا ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی تنصیبات، پولیس اسٹیشنز، پولیس پوسٹس اور چیک پوسٹس کے 200 میٹر کے دائرے میں شہری گاڑیوں کی نقل و حرکت، پارکنگ اور موجودگی پر پابندی برقرار رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پابندیاں 29 اگست سے آئندہ 30 روز تک نافذ العمل رہیں گی۔