جنوبی وزیرستان اپر: پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر شمس سعید انور اور جمعیت علمائے اسلام اپر وزیرستان کے رہنما نے محسود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپر وزیرستان سے پولیس اہلکاروں کی دیگر علاقوں میں منتقلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اپر وزیرستان سے بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو لوئر وزیرستان منتقل کیا گیا، جبکہ حال ہی میں 280 اہلکاروں کی منتقلی بھی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپر وزیرستان میں پولیس کی پہلے ہی ضرورت ہے، اس لیے اہلکاروں کو دوسرے اضلاع میں منتقل کرنا علاقے کے ساتھ زیادتی ہے۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اپر وزیرستان کی ایف آر پی پولیس یونٹ کو فوری طور پر ضلع میں واپس لایا جائے اور پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کیے جائیں۔ ان کے مطابق ایف آر پی کے 97 اہلکاروں میں سے متعدد کے خلاف کارروائی اور تنخواہوں کی بندش کے معاملات بھی قابلِ تشویش ہیں۔

پریس کانفرنس میں گومل زام ڈیم کے سکندر چیک پوسٹ پر اپر وزیرستان اور لوئر وزیرستان کی مشترکہ پولیس تعینات کرنے، جبکہ ضلع میں پولیس لائن اور نئے تھانے قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔